
کراچی — معروف اداکارہ صائمہ قریشی نے ایک بار پھر اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عورت کی کمائی میں برکت نہیں ہوتی۔ ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں بحث جاری ہے۔
صائمہ قریشی کا کہنا تھا: "میں یہ نہیں کہتی کہ عورت کو کام نہیں کرنا چاہیے۔ میں خود بھی کام کرتی ہوں اور کاروبار سے وابستہ ہوں، لیکن میرے نزدیک حقیقت یہی ہے کہ عورت کی کمائی میں وہ برکت نہیں ہوتی جو مرد کی کمائی میں ہوتی ہے۔”
اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ خواتین کے کام کرنے یا مالی خودمختاری کے خلاف نہیں ہیں، تاہم ان کا ماننا ہے کہ فطری اور معاشرتی اصولوں کے تحت مرد کی کمائی کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔
سوشل میڈیا پر ان کے اس بیان پر تنقید اور حمایت دونوں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ بعض صارفین نے صائمہ قریشی کی رائے کو قدامت پسند سوچ قرار دیا جبکہ کچھ نے اسے عملی تجربے اور روایتی اقدار کی عکاسی کہا۔
فنکارہ کے اس مؤقف نے ایک بار پھر معاشرے میں خواتین کے کردار، کمائی اور برکت کے حوالے سے جاری بحث کو تازہ کر دیا ہے۔