turky-urdu-logo

نمیبیا کے خلاف صاحبزادہ فرحان کی سنچری، ٹیم سلیکشن پر سوالات

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے نمیبیا کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا۔پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور بتایا کہ انڈیا کے خلاف پلیئنگ الیون کے برعکس اس میچ میں شاہین آفریدی اور ابرار احمد کو ڈراپ کیا گیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے کیا۔ 40 رنز کے مجموعی سکور پر صائم ایوب 14 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، جبکہ کپتان سلمان علی آغا 23 گیندوں پر 38 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی پہلی سنچری سکور کی۔ انھوں نے 58 گیندوں پر 11 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ شاداب خان نے 36 جبکہ خواجہ نافع نے پانچ رنز بنائے۔

نمیبیا کی جانب سے جیک بریسل نے دو جبکہ گرہارڈ ارسمس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ میچ جیتنے کی صورت میں پاکستان سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گا جہاں اس کا مقابلہ سری لنکا، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سے ہو گا۔

سوشل میڈیا پر ردِعمل

ٹیم میں اضافی بلے باز شامل کرنے کے فیصلے پر سوشل میڈیا پر سوالات اٹھائے گئے۔

مظہر ارشد نے کہا کہ پاکستان نے آج نو بلے باز کھلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

شہزاد اقبال نے سوال اٹھایا کہ کیا نمیبیا کے خلاف واقعی نو بلے بازوں کی ضرورت تھی، اور یہ بھی کہا کہ فہیم اشرف بھی بطور بلے باز کھیل رہے ہیں۔ ان کے مطابق ابرار احمد کو ڈراپ کرنے کا جواز واضح نہیں تھا۔

ساج صدیق نے لکھا کہ کچھ کھلاڑیوں کو خراب کارکردگی اور فٹنس کے باوجود ڈراپ نہیں کیا جا رہا، جبکہ فخر زمان جیسے بلے باز کو موقع نہیں مل رہا۔

سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ اگر الیون میں ایک اضافی بلے باز شامل کیا جائے تو اس کی واضح حکمت عملی ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق ابتدائی اوورز میں رن ریٹ اوسط رہا، جس سے ٹیم کمبی نیشن پر سوال اٹھتے ہیں۔

Read Previous

ترک وزیرِ خارجہ حاکان فیدان ٹرمپ کے “بورڈ آف پیس” کے اجلاس میں شرکت کے لیے واشنگٹن روانہ ہوں گے

Read Next

ترکیہ میں رمضان کا استقبال: ایمان، اتحاد اور روحانی تجدید کا مہینہ

Leave a Reply