قطر کی علاقائی سمندری حدود میں پیش آنے والے فوجی ہیلی کاپٹر حادثے میں سوار تمام سات افراد ہلاک ہو گئے، جن میں چار قطری فوجی اہلکار اور تین ترک شہری شامل ہیں۔ حکام کے مطابق حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔
قطری اور ترک وزارتِ دفاع کے مطابق ہیلی کاپٹر معمول کی پرواز پر تھا جب اسے فنی خرابی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ گر کر تباہ ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں قطری مسلح افواج کے چار اہلکار، قطر۔ترکیہ مشترکہ افواج کا ایک رکن اور دو ترک ٹیکنیشن شامل ہیں۔
قطر کی وزارتِ دفاع کے مطابق جاں بحق افراد میں پائلٹ کیپٹن مبارک سالم دواے المری، سارجنٹ فہد ہادی غانم الخیارین، کارپورل محمد ماہر محمد اور کیپٹن سعید ناصر سامخ شامل ہیں، جبکہ مشترکہ افواج کے میجر سنان تاشتیکن اور ترک شہری سلیمان جمرہ کہرامان اور اسماعیل انس جان بھی حادثے میں جان کی بازی ہار گئے۔
ترک وزارتِ دفاع نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد میں ایک فوجی اہلکار اور ترک دفاعی کمپنی کے دو ملازمین شامل ہیں، جبکہ ہیلی کاپٹر تربیتی پرواز کے دوران فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔
حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور قطری حکام اس حوالے سے مکمل جائزہ لے رہے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ کسی دشمنانہ کارروائی کا نتیجہ نہیں بلکہ تکنیکی مسئلے کے باعث پیش آیا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور حالیہ دنوں میں ایران اور اسرائیل کے درمیان تنازع کے اثرات خلیجی ممالک تک محسوس کیے جا رہے ہیں۔ قطر نے حالیہ حملوں کے دوران متعدد میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنایا، جبکہ بعض صنعتی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
حکام نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ہے اور زخمیوں یا متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
