لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اعلان کیا ہے کہ شنگھائی بندرگاہ سے مزید 100 جدید الیکٹرک بسیں پاکستان کے لیے روانہ ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال دسمبر تک پنجاب کے ہر ضلع میں یہ ماحول دوست اور جدید سہولیات سے آراستہ بسیں چلائی جائیں گی۔وزیراعلیٰ کے مطابق صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے یہ ایک بڑا قدم ہے۔ نئی الیکٹرک بسوں کا کرایہ صرف 20 روپے رکھا گیا ہے تاکہ عام شہری کم لاگت میں آرام دہ اور محفوظ سفر کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکٹرک بس سروس نہ صرف عوام کو سستی ٹرانسپورٹ فراہم کرے گی بلکہ فضائی آلودگی میں کمی اور ماحولیاتی تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔