انقرہ میں ’جناح ینگ رائٹرز ایوارڈ‘ کے چھٹے ایڈیشن کے لیے ایوارڈز اور مضمون نویسی کا مقابلہ آج انقرہ میں منعقد ہوا۔
تقسیم انعامات کی تقریب میں ترکیہ کے وزیر تعلیم یوسف تیکن اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے شرکت کی۔

پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح کے نام سے منسوب، مضمون نویسی کا مقابلہ پاکستانی سفارت خانے میں منعقد ہوا۔
مقابلے کے چھٹے راؤنڈ کا تھیم ’’محمد اقبال اور مہمت عاکف ایرسوئے 20ویں صدی کے دو عظیم شاعر‘‘ رکھا گیا تھا۔
مضمون نویسی کا یہ مقابلہ ترکیہ کے ہائی اسکول کے سینئر طلباء کے درمیان سالانہ بنیادوں پر منعقد کیا جاتا ہے۔

تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے وزیر تعلیم یوسف تیکن نے کہا کہ جناح ینگ رائٹرز دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارے اور دوستی کےرشتے کو مضبوط کرنے اور اسے ایک مقدس امانت کے طور پر اپنی آنے والی نسلوں تک پہنچانے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات صدیوں پرانے ہیں اور مشترکہ مذہبی، ثقافتی، لسانی اور روحانی ورثے سے جڑے ہوئے ہیں۔
انقرہ کے جناح ایونیو سے لے کر اسلام آباد کے اتاترک ایونیو تک، دونوں ممالک محبت اور اخوت کے رشتے میں بندھے ہیں۔

ڈاکٹر یوسف جنید نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ترکیہ ہمیشہ مشکل وقت میں کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہے ہیں ۔
ترکیہ میں زلزلہ ہو یا پاکستان میں سیلاب،دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
سفیر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ جناح ینگ رائٹرز ایوارڈ نوجوان نسل کو ترکیہ پاکستان برادرانہ تعلقات کی شاندار تاریخ سے روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور آنے والی نسلوں کو ہمارے باہمی پیار سے آگاہ کر رہا ہے۔

