turky-urdu-logo

صدر رجب طیب اردوان کا انڈونیشی ہم منصب پرابوو سوبیانتو کا انقرہ میں پرتپاک استقبال

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے بدھ کے روز انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کا دارالحکومت انقرہ کے اسن بوغا ہوائی اڈے پر باضابطہ استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیرِ دفاع یاشار گولر، انقرہ کے گورنر واصپ شاہین، دفاعی صنعت کے ادارے کے سربراہ ہلوک گورگُن اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔

ترکیہ کی کمیونیکیشن ڈائریکٹوریٹ کے مطابق، صدر سوبیانتو اپنے دورے کے دوران تین روزہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم 2025 میں شرکت کریں گے، جو جمعہ کو انطالیہ میں شروع ہو گا۔ وہ جمعرات کے روز ترک گرینڈ نیشنل اسمبلی سے بھی خطاب کریں گے، جس کے لیے خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا گیا ہے اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ترکیہ اور انڈونیشیا اپنے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔ رواں سال فروری میں صدر اردوان کے انڈونیشیا کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان 13 نئے معاہدوں پر دستخط کیے گئے تھے، جن کا مقصد دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا تھا۔

صدر اردوان نے اس موقع پر فلسطین کے مسئلے پر انڈونیشیا کے مؤقف کو سراہا تھا اور غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اظہار کیا تھا، جبکہ صدر سوبیانتو نے ترکیہ کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

Read Previous

صدر رجب طیب اردوان ،نجم فاضل کی فکر آج کے نوجوانوں میں عمل کی صورت اختیار کر رہی ہے

Read Next

فلم ’کانتو‘ فروری 2026 میں ترکیہ میں ریلیز کے لیے تیار

Leave a Reply