
ترکیہ کے صدر، رجب طیب ایردوان نے کارتالکیا سکائی ریزورٹ کے ہوٹل میں پیش آنے والے آتشزدگی کے المناک حادثے پر پورے ملک میں ایک روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔
گزشتہ روز انقرہ میں کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا کہ، کل پورے ملک میں قومی سوگ منایا جائے گا۔ میں اپنے انتقال کر جانے والے شہریوں کے لیے اللہ کی رحمت کی دعا کرتا ہوں اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں۔
صدر نے اس افسوسناک واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ،ہم سب کو متحد ہو کر اس دکھ کے لمحات میں ایک دوسرے کا سہارا بننا چاہیے۔ ہم سیاستدانوں، میڈیا اور مقامی حکام سمیت سب سے توقع کرتے ہیں کہ ،وہ ہمارے شہریوں کے غم میں شریک ہو جائیں۔
کارتالکیاسکائی ریزورٹ کے 11 منزلہ ہوٹل میں پیش آنے والے حادثے نے پورے ملک کو غم زدہ کر دیا۔ اس حادثے میں 66 افراد جاں بحق اور 51 زخمی ہو گئے۔ ہوٹل کی اونچائی اور دشوار گزار مقام نے آگ بجھانے کے عمل کو مزید مشکل بنا دیا۔
ٹیلی ویژن کی فوٹیج میں ہوٹل کی بالائی منزلوں اور چھت کو شعلوں کی لپیٹ میں دکھایا گیا۔ کچھ مہمانوں نے اپنی جان بچانے کے لیے چادریں باندھ کر کھڑکیوں سے اترنے کی کوشش کی، جس کی تصاویر نے عوام کو مزید صدمے سے دوچار کر دیا۔
یہ واقعہ ترکیہ کی موسم سرما کی تعطیلات کے دوران پیش آیا، جب استنبول اور انقرہ سے بڑی تعداد میں خاندان صوبہ، بولوکے پہاڑوں میں واقع اس ریزورٹ کا رخ کرتے ہیں۔
گورنربولو، عبدالعزیز آئدن نے واقعے کے وقت ہوٹل میں 234 مہمانوں کی موجودگی کی تصدیق کی۔
صدر ایردوان نے حادثے کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے ترکیہ کے تمام عوام سے اپیل کی کہ، وہ اس مشکل وقت میں یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی رکھیں۔