turky-urdu-logo

ترک صدر رجب طیب ایردوان کی سینیگالی وزیرِاعظم کے ساتھ ملاقات — تجارتی، دفاعی اور انسانی تعاون میں اہم پیش رفت

ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے سینیگال کے وزیراعظم عثمان سونکو کا صدارتی کمپلیکس میں سرکاری تقریب کے ساتھ استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ، تجارتی تعاون میں اضافے، دفاعی شعبے میں اشتراک اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔صدر ایردوان نے کہا کہ افریقہ میں کلیدی حیثیت رکھنے والے برادر ملک سینیگال کے وزیراعظم کو ترکی میں خوش آمدید کہنا باعثِ مسرت ہے۔ ملاقات کے دوران مختلف معاہدوں پر دستخط کیے گئے، جن سے دو طرفہ تعاون کا معاہداتی ڈھانچہ مزید مضبوط ہوا۔ دونوں ممالک نے ابتدائی مرحلے میں تجارتی حجم کو ایک ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا۔ترک صدر نے بتایا کہ ترک کمپنیاں سینیگال میں ترقیاتی منصوبوں کی کامیاب تکمیل کر چکی ہیں اور "سینیگال 2050: قومی تبدیلی پروگرام” کے تحت اپنی مہارت سینیگالی شراکت داروں کے ساتھ بانٹنے کے لیے تیار ہیں۔دونوں رہنماؤں نے سیکیورٹی، دفاعی صنعت اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات پر بھی بات چیت کی۔ صدر ایردوان نے افریقی ممالک کی جانب سے ترک دفاعی مصنوعات میں بڑھتی دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کیا۔عالمی امور پر گفتگو کے دوران، خاص طور پر غزہ کی صورتحال زیرِ بحث آئی۔ صدر ایردوان نے سینیگال کی جانب سے فلسطینی عوام سے یکجہتی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جب تک غزہ میں نسل کشی کا خاتمہ نہیں ہوتا اور معصوم بچوں کو بھوک و موت کے حوالے کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا، جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ بھوک سے نڈھال معصوم بچوں کا حساب قانون اور تاریخ کے سامنے ضرور لیا جائے گا۔

Picture: presidency of turkey

Read Previous

گورنر خیبرپختونخوا کا ٹکا آفس کا دورہ ، کنٹری ڈائریکٹر صالحہ تونا سے ملاقات

Read Next

پاکستان اور بنگلہ دیش تعلقات میں مثبت پیش رفت، اسحاق ڈار کا اہم دورہ 23 اگست کو متوقع

Leave a Reply