
اسلام آباد: پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (PPAF) کے دفتر میں آج سی ای او نادر گل باریچ اور چیف پروگرامز ارشد رشید نے ترک کوآپریشن اینڈ کوآرڈی نیشن ایجنسی (TİKA) اسلام آباد کی کنٹری ہیڈ صالحہ تُنا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے دیہی پاکستان میں ترقی کے لیے مضبوط تر ترقیاتی شراکت داری قائم کرنے پر تفصیلی بات چیت کی۔گفتگو کا محور روزگار کے مواقع، معیاری تعلیم، معیاری صحت کی سہولیات، صاف توانائی اور پائیدار زراعت جیسے اہم شعبے رہے۔ دونوں اداروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنا کر پسماندہ برادریوں میں دیرپا تبدیلی اور جامع ترقی کو فروغ دیا جائے گا۔ترک نمائندہ صالحہ تُنا نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کے تعلقات تاریخی اور بھائی چارے پر مبنی ہیں، اور مشترکہ منصوبے اس تعلق کو مزید مستحکم بنائیں گے۔ سی ای او نادر گل باریچ نے ترک تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات دیہی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوں گے۔

