
وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے امریکی صدر جو بائیڈن کو پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے خط لکھ دیا۔خط میں پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف نے امریکی صدر سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے اپیل کی۔ وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی "نازک ذہنی اور جسمانی حالت ” پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خط میں لکھا کہ "گزشتہ چند سالوں میں متعدد پاکستانی قونصلرز نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کی، اور اُن کی جسمانی اور ذہنی صحت کے بارے میں گہری تشویش کا اظہار کیا، اُنہیں خطرہ ہے کہ کہیں وہ خودکشی نہ کر لیں۔ میری آپ سے گزارش ہے کہ اِن حقائق کو مدِنظر رکھتے ہوئے آپ اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے اقدامات کریں۔”
وزیرِ اعظم پاکستان نے خط میں مطالبہ کیا کہ آپ اپنا آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے انسانی بنیادوں پر عافیہ صدیقی کی سزا معاف کر کے رہائی کا آرڈر کریں، عافیہ صدیقی کی فیملی اور کروڑوں پاکستانی آپکی عنایت کے منتظر ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خط میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی 16 سالہ امریکی قید اور اُس دوران امریکی حکومت کی جانب سے اُن کے ساتھ ناروا سلوک کا بھی ذکر کیا۔