
اسلام آباد — پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اعلان کیا ہے کہ کینیڈا کے لیے براہِ راست فلائٹ آپریشن 30 ستمبر 2025 سے بحال کر دیا جائے گا۔ اس فیصلے کو تارکینِ وطن پاکستانیوں کے لیے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے جو طویل عرصے سے براہِ راست پروازوں کی بحالی کے منتظر تھے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق اس آپریشن میں جدید بوئنگ 777 (ٹرپل سیون) طیارے استعمال کیے جائیں گے تاکہ مسافروں کو آرام دہ اور محفوظ سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خصوصی طور پر کینیڈا کے لیے ٹکٹوں پر 15 فیصد رعایت دی جائے گی، جو محدود مدت کے لیے دستیاب ہوگی۔
ایئرلائن حکام کا کہنا ہے کہ کینیڈا کے لیے آپریشن کی بحالی نہ صرف تارکینِ وطن پاکستانی کمیونٹی کے لیے سہولت پیدا کرے گی بلکہ پی آئی اے کے ریونیو میں اضافے کا بھی باعث بنے گی۔ کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد براہِ راست پروازوں کی خواہاں تھی تاکہ انہیں دیگر ممالک کے ذریعے ٹرانزٹ کی زحمت نہ اٹھانی پڑے۔
پی آئی اے کے ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلے میں ہفتہ وار مخصوص دنوں پر پروازیں چلائی جائیں گی، بعد ازاں طلب اور ضرورت کے مطابق ان کی تعداد بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔
ایوی ایشن ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پی آئی اے کی بین الاقوامی ساکھ کی بحالی اور مسافروں کے اعتماد کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔