علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد میں یونیورسٹی انتظامیہ، یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ اور “دوست فورم” (پاک-ترکیہ دوستی فورم) کے اشتراک سے بدھ کی شب ایک افطار پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے ادیبوں اور دانشوروں کے مشترکہ فورم “دوست” کے قیام کا اعلان کیا گیا۔
تقریب میں وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی اور وفاقی وزیر حذیفہ رحمان اور پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ پاکستان میں مقیم ترک برادری سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر فاروق عادل نے فورم کے قیام، اس کے اراکین اور مستقبل کے مقاصد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر خلیل طوقار، وفاقی وزیر حذیفہ رحمان اور سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے فورم کے قیام کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان ثقافتی روابط اور عوامی سطح پر تعاون کے فروغ کے لیے اہم قدم قرار دیا۔

وفاقی وزیر حذیفہ رحمان نے اس موقع پر فورم کے لیے حکومتِ پاکستان کے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایسے پلیٹ فارمز اہم کردار ادا کریں گے۔
تقریب کے آغاز میں اسلام آباد کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم ترک طلبہ نے روایتی انداز میں روحانی کلام پیش کیا، جسے ترکیہ میں “الٰہی” کہا جاتا ہے اور حاضرین نے اسے بے حد سراہا۔ بعد ازاں مہمانوں کو افطار کے موقع پر روایتی ترک پکوان بھی پیش کیے گئے۔
تقریب کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی اور ثقافتی ہم آہنگی کے جذبات نمایاں طور پر اجاگر کیے گئے



