اسلام آباد —پاکستان خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرنے کے قریب ہے، کیونکہ اس کا جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ 31 جولائی کو چین کے ژچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے خلا میں روانہ کیا جائے گا۔اس سیٹلائٹ کی تیاری پاکستان اور چین کے مابین سائنسی و تکنیکی تعاون کا نتیجہ ہے۔ جدید سینسنگ ٹیکنالوجی سے لیس یہ سیٹلائٹ زمینی مشاہدے، قدرتی وسائل کی نگرانی، زراعت، ماحولیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع جیسے شعبوں میں مدد فراہم کرے گا۔خلائی تحقیق کے قومی ادارے SUPARCO کے مطابق، یہ سیٹلائٹ پاکستان کی ڈیجیٹل صلاحیتوں میں اضافہ اور خلائی ٹیکنالوجی میں خودانحصاری کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔یہ لانچ پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتے ہوئے خلائی تعاون کی بھی عکاسی کرتی ہے، جو مستقبل میں مزید مشترکہ خلائی مشنوں کی بنیاد رکھ سکتی ہے۔
															