پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری ایک اہم سنگِ میل عبور کرنے جا رہی ہے کیونکہ نیٹ فلکس رواں جون میں اپنی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز "جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو” ریلیز کرنے جا رہا ہے۔
یہ سیریز مشہور مصنفہ فرحت اشتیاق کے معروف ناول پر مبنی ہے، جس میں محبت، جدائی اور شفا یابی کے جذباتی سفر کو خوبصورتی سے پیش کیا گیا ہے۔ کہانی اٹلی اور پاکستان کے دلکش مقامات پر ترتیب دی گئی ہے، جسے سنیماٹوگرافی کے اعلیٰ معیار کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔
مرکزی کرداروں میں احد رضا میر (سکندر) اور اقرا عزیز (لیزا) شامل ہیں، جبکہ دیگر بڑے ستاروں پر مشتمل کاسٹ میں ماہرہ خان، فواد خان، صنم سعید، حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، بلال اشرف، مایا علی، اور خوشحال خان شامل ہیں۔
اس سیریز کی شوٹنگ یورپ کے دلکش مناظر اور لاہور کی رنگین گلیوں میں کی گئی ہے، جس کا مقصد پاکستانی کہانیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا اور ڈیجیٹل انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں ملک کی موجودگی کو نئے انداز میں متعارف کروانا ہے۔
"جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو” نہ صرف پاکستانی ناظرین بلکہ عالمی سطح پر اردو ادب اور ڈرامہ کے چاہنے والوں کے لیے ایک شاندار تحفہ ثابت ہو سکتی ہے۔
