
ترکیہ: انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام مینگو فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا
فیسٹول میں شریک مہمان مشہور زمانہ پاکستانی آموں کے میٹھے ذائقے سے لطف اندوز ہوئے۔ پاکستانی آموں کا مخصوص رنگ، خوشبو اور منفرد ذائقہ انہیں دنیا میں بہترین بناتا ہے۔ مینگو فیسٹیول پاکستان کی آزادی کے 75 سال مکمل ہونے کے حوالے سے منعقدہ تقریبات کے سلسلے کا حصہ ہے۔
مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ترکیہ میں پاکستان کے سفیر سائرس سجاد قاضی نے کہا کہ پھلوں کا بادشاہ کہلانے والا آم تصوراتی طور پر ایک پھل ہے لیکن پاکستان کی تاریخ اور ثقافت کا ایک لازمی حصہ ہے کیونکہ پاکستان میں قدیم زمانے سے اس کی کاشت کی جاتی رہی ہے۔ سفیر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا میں آم کا چھٹا سب سے بڑا پیدا کنندہ اور چوتھا بڑا برآمد کنندہ ہے۔ پاکستان میں اگائے جانے والے اعلیٰ قسم کے آموں کی 200 سے زائد اقسام ہیں جن میں سندھڑی، انور رتول، لنگڑا، مالدہ، دوسہری، فجری اور دیگر شامل ہیں۔
فیسٹول میں آموں کی سب سے مقبول قسم چونسا ،آم سے تیار کردہ ڈشز آئس کریم، ملک شیک، لسی، سلاد، اچار اور پاکستان سے آئے تازہ آموں سے بنے میٹھے پلوان مہمانوں کو پیش کیے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لذیذ روایتی پکوانوں سے مہمانوں کی تواضع کی گئی جس میں اعلیٰ معیار کے پاکستانی باسمتی چاول سے بنی بریانی اور تکے شامل ہیں۔
تقریب میں ترک حکومتی ارکین ، سفارت کار، پاکستانی کمیونٹی اور میڈیا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔