انڈیا میں اس وقت کورونا وبا کی صورتحال سنگین ہے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 لاکھ 46 ہزار 786 کیسز
رپورٹ ہوئے اور 2624 اموات ہوئیں جس سے بھارت میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد ایک کروڑ 66 لاکھ 10 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ اموات ایک لاکھ 89 ہزار سے زیادہ ہیں۔
ان حالات میں پاکستانی عوام نے اپنے ہمسایہ ملک انڈیا کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ٹوئٹر پر سٹینڈ ود انڈیا کے ہیش ٹیگ سے ٹوئٹ کرنا شروع کر دیا جس سے دیکھتے ہی دیکھتے یہ ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
دونوں ممالک کے درمیان اکثر حالات کشیدگی کا شکار رہے ہیں جس کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے تاہم موجودہ صورتحال میں پاکستان کے عوام نے تمام اختلافات کو پس پشت ڈال کر انسانیت کو مقدم رکھا اور انڈیا کے حق میں دعا اور نیک تمناوں کا اظہار کیا۔
علاوہ ازیں پاکستانی کی سب سے بڑی انسانی ہمدردی کی تنظیم ایدھی نے بھارتی حکومت کو ایک خط یھیجا جس میں انہوں نے 50 ایمبولینس اور ہیلتھ کئیر ورکرز کی کمی سے نمٹنے کے لیے رضاکار بھجوانے کی پیشکش کی۔

پاکستانی عوام کے ساتھ ساتھ حکومتی اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے اراکین نے بھی پیغامات جاری کیے۔
پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ٹوئٹر پر بھارتی عوام سے اظہار یکجہتی کی اور متاثرہ خاندانوں سے افسوس کا اظہار کیا۔

