
ترکیہ میں پاکستان کے سفارت خانے میںآج یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا، جس کا مقصد کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جدوجہد کے ساتھ متزلزل یکجہتی کا اظہار اور ان کی جائز تحریک کی حمایت کواجاگر کرنا تھا۔
ترکیہ میں پاکستان کے سفیر، ڈاکٹر یوسف جنید نے اس موقع پر اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مل کر کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ،ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے جائز حقوق کے حصول کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ، وہ کشمیری عوام کی جدوجہد کو تسلیم کرے اور ان کے حقوق کی بحالی میں اپنا کردار ادا کرے۔

اس تقریب میں ترکیہ کی کئی اہم شخصیات نے شرکت کی، جن میں سابق ترک نائب وزیر اعظم، رجب اقداغ، سابق وزیر زراعت، محمد مہدی ایکر، سابق وزیر برائے خاندانی و سماجی خدمات اور موجودہ ڈائریکٹر جنرل SESRIC محترمہ زہرہ زمرت، رکن پارلیمنٹ برہان کایاترک، رکن پارلیمنٹ مصطفی کایا، انقرہ میونسپلٹی کے نائب میئر فاروق کوئیلو اوغلو، جیوسٹریٹیجک فورسائٹ انسٹی ٹیوٹ کے صدر ریٹائرڈ جنرل گورے آلپر، انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک تھنکنگ کے نائب صدر آلپر تان اور سابق سفیر نعمان ہزار شامل تھے۔

اس موقع پر میڈیا، تھنک ٹینکس اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، جنہوں نے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی حمایت اور ان کی آزادی کی جدوجہد کو اجاگر کرنے پر زور دیا۔
تقریب میں مقررین نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل پر زور دیا اور کشمیری عوام کے ساتھ ترکیہ کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔