
مصر میں جاری کوپ کانفرنس میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی اجلاس میں شرکت کی
انہوں نے کہا کہ مو سمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلیے عالمی برادری کی ذمے داری ہے کہ وہ پاکستان کی بھرپور مدد کرے جب کہ عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کو قرضوں میں چھوٹ دیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے مصر میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کوپ27 سربراہی کانفرنس کے موقع پر مختلف سربراہان حکومت اور اہم عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں کی ہیں جن میں دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق کانفرنس کے موقع پر سیلاب اور متاثرین کی مدد کیلیے کاوشوں پر شہباز شریف مرکز نگاہ بن گئے، عالمی رہنمائوں نے وزیراعظم کی سیلاب متاثرہ علاقوں میں مسلسل موجودگی کو غیرمعمولی جذبہ قرار دیا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے شہباز شریف سے ملاقات کے بعد پاکستان پویلین میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلیے عالمی برادری کی ذمے داری ہے کہ وہ پاکستان کی بھرپور مدد کرے، پاکستان کو سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کو قرضوں میں چھوٹ دیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث جو تباہی پاکستان میں ہوئی وہ پاکستان تک محدود نہیں رہے گی، سیلاب سے ہمارے سماجی و اقتصادی نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے، دنیا کی طرف سے تباہی اور نقصانات کا ازالہ واحد امید ہے۔