اسلام آباد:
پاکستان میں تعینات ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی تاریخی بنیادوں پر قائم ہے اور آنے والے دنوں میں یہ تعلقات مزید پختہ اور مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترکیہ مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور مستقبل میں بھی ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔
ترک سفیر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاع، تجارت، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے بھی اپنی بھرپور معاونت جاری رکھے گا، جبکہ سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع بڑھانے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
عرفان نذیر اوغلو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات عوامی سطح پر بھی مزید مضبوط ہوں گے اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا جائے گا۔
انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ترکیہ آنے والے سالوں میں نئی شراکت داریوں اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے ایک نئے دور میں داخل ہوں گے۔
