
ترکیہ نےمحمت پاچاجی کو پاکستان کا نیا سفیر مقرر کردیا ہے۔ پاکستان پہنچنے کے بعد سفیر نے ترک سفارتحانے میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں اور پاکستان کے وزارت خارجہ کے ڈی جی پروٹوکول کو اپنی اسناد کی کاپی پیش کی۔
سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے نئے سفیر مہمت پاچاجی کا استقبال کیا۔ انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، کثیر جہتی برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی سطح پر لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
نئے آنے والے سفیر محمت پاچاجی نہ صرف ایک منجھے ہوئے ڈپلومیٹ ہیں بلکہ ایک دانشور اور معلم بھی ہیں۔ وہ ترکیہ کے ویٹی کن سٹی میں سفیر رہ چکے ہیں اور اسکے علاوہ انہوں نےمحکمہ مذہبی امور میں بطور ڈائریکٹر جنرل بین الاقوامی امور کے علاوہ واشنگٹن کے ترک سفارتخانے میں کونسلر برائے مذہبی و سماجی امور کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیں۔ وہ کئی بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے ساتھ بھی منسلک رہے اور انہیں تفسیر قرآن کا ماہر تصور کیا جاتا ہے۔ محمت پاچاجی نے جارج ٹاون یونیورسٹی، ویسلی تھیولوجیکل مدرسہ، انقرہ یونیورسٹی ، اسلامک انٹرنیشنل یونیورسٹی ملائشیااور کنگ سعود یونیورسٹی سعودی عرب سمیت کئی تعلیمی و تحقیقی اداروں میں بطور وزٹنگ فیکلٹی تعلیم دی۔