
اسلام آباد/انقرہ —پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حکان فدان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جاری اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی اور بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے معصوم جانوں کے ضیاع، جبری بے دخلی، قحط اور بنیادی سہولیات کے فقدان جیسے افسوسناک حالات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے فوری اور غیر مشروط انسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔ انہوں نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور ایک منصفانہ، جامع اور پائیدار امن کے لیے عالمی برادری کی مربوط کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔دونوں رہنماؤں نے فلسطینی عوام کی جدوجہد اور ان کے جائز حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ میں دو ریاستی حل سے متعلق ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس سے مثبت اور عملی نتائج برآمد ہوں گے۔