پاکستان کے شہر لاہور میں ترکی کے یوم جمہوریہ کے موقع پر ایک ہزار سالہ تاریخ پر مبنی ترک پاک تصویری نمائش کا اہتمام کیا گیا۔
تصویری نمائش کا اہتمام نجی ادارے فلم آرٹ ایکسچینج اینڈ کولیبوریشن (فاسن)نے یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے اشتراک سے کیا جبکہ ترکی اردو میڈیا پارٹنر تھا۔
تقریب میں پاکستان کے صوبے پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔
یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر جنرل اولاش ارتاس ، پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آ ف ایجوکیشن ڈاکٹر محمد ارشد فاسن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ماجد رفیق ترکی اردو کے ایگزیکٹو ایڈیٹر محمد حسان اور لاہور موجود ترک کاروباری شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ انہیں آ ج اس ایونٹ میں شرکت کرکے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے ایسے پروگرام پاک ترک دوستی کی خوبصورتی کی عکاسی کرتے ہیں اور دنیا کے سامنے مسلم کمیونٹیز کی ایک مثبت شکل اجاگر کرتی ہیں۔انکا کہنا تھا کہ وہ بہت خوش قسمت ہیں کہ انکے آباؤ اجداد کاتعلق ترکی سے ہے، پاکستان اور ترکی میں قربتیں بہت زیادہ ہیں، ترکی آج دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہیں اور پاکستان کو ترکی کے ایک مضبوط اور کامیاب ریاست ہونے پر بہت فخر ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان تاریخی اور ثقافتی بہت گہرا تعلق ہے جو انہیں آپس میں جوڑ کر رکھتا ہے۔پاکستان میں ترکی کی مدد اور معاونت سے بہت سے منصوبے مکمل ہو چکے ہیں اور کچھ پر کام جاری ہے ۔ہمیں یقین ہے کہ آنے والے وقتوں میں بھی پاکستان اور ترکی کی دوستی ایسے ہی قائم و دائم رہے گی۔ہمیں پاک ترک دوستی پر فخر ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھاکہ ترکی نے وبائی مرض کورونا کے دوران پاکستان کا بہت ساتھ دیا اور مسئلہ کشمیر پر بھی ترکی نے ہمیشہ بین الاقوامی سطح پر آواز اٹھائی ہے۔اور پاکستانی موقف کی حمایت کی ہے۔

یونس ایمرے انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر جنرل اولاش ارتاس کا کہنا تھا کہ مجھے آج اس تقریب میں شرکت کرکے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ہم دو ریاست اور ایک قوم ہیں۔ترکی اور پاکستان کی دوستی بہت پرانی اور بہت گہری ہے۔اور اس پروگرام کی مدد سے پاک ترک دوستی اور مضبوط ہوجائے گی۔

یونیورسٹی آف ایجوکیش کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر محمد ارشد نے یوم جمہوریہ کے موقع پر اپنے ترک بہن بھائیوں کو مبارکباد دی انکا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے ترک ساتھیوں کو اس عظیم دن کے موقع پر مبارکباد دینی چاہیے۔انکا مزید کہنا تھا کہ ہماری آنے والی نسلوں کو ہماری تاریخ اور ثقافت سے روشناس کروانا بہت ضروری ہے، ہمیں ترکی پر فخر ہے، ہمیں ترکی اور پاکستان کے رشتے اور دوستی پر فخر ہے۔

فاسن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ماجد رفیق کا کہنا تھا کہ نمائش کا مقصد نوجوان نسل میں ترکی اور پاکستان کی مشترکہ ثقافت سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔

تقریب میں شریک ترک بزنس مین کا کہنا تھا کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان دوستی اور محبت کا رشتہ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے ۔ دونوں ممالک کے درمیان بزنس کے شعبے میں تعاون میں بھی اضافہ ہو رہا ہے پاکستان سے لوگ ترکی جا رہے رہے ہیں ترکی سے پاکستان آ رہے ہیں ۔
تقریب کے آخر میں مہمانوں نے تصویری نمائش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کاوشیں دونوں ممالک کے رشتے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔






