پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جوہر ٹائون لاہور دھماکے کے تانے بانے بھارت کی پاکستان مخالف سپانسر دہشت گردی سے جڑےہیں،اداروں کی بہتر کوآرڈینیشن سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے،عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف اداروں کو متحرک کرنا ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جوہر ٹاؤن لاہور میں گھناؤنے دہشت گردحملےکی منصوبہ بندی اور استعمال ہونےوالے سرمائےکی کڑیاں پاکستان کے خلاف بھارتی پشت پناہی سے ہونے والی دہشت گردی سےملتی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اس بدمعاشی کے خلاف بین الاقوامی ادارے حرکت میں لائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے شعبہ انسدادِ دہشتگردی نےجس محنت اور رفتار سے شواہد اکٹھےکیے ہیں وہ قابل تحسین ہےاور تمام عسکری و سول انٹیلی جنس اداروں کے درمیان بہترین کوآرڈینیشن بھی قابل تحسین ہے،اس کو آرڈینیشن نےدہشت گردوں اور ان کےعالمی روابط کی نشاندہی کی راہ ہموار کی۔
ٹوئٹر میں انہوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ اپنی ٹیم کو جوہر ٹائون دھماکے پر قوم کوآگاہ کرنے کی ہدایت کی تھی،شواہد کا پتہ لگانے پر پنجاب پولیس کے محکمہ انسدد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)کی مستعدی اور کارکردگی قابل تعریف ہے،سول اور عسکری اداروں کا باہمی تعاون قابل ستائش ہے،یہ کو آرڈینیشن دہشت گردوں کی شناخت اور عالمی سطح پر ان کے رابطوں کو بے نقاب کرنے میں کامیاب رہی،لاہور دھماکے کے تانے بانے بھی پاکستان مخالف دہشت گرد نیٹ ورک سے جڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو دہشت گردوں کے خلاف اداروں کو متحرک کرنا ہوگا۔
