پاکستان نے جمعرات کی صبح ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں انتہائی مربوط اور مخصوص اہداف کے خلاف مہارت سے فوجی کارروائیوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ۔
مرگ بر سرمچار کے نام سے خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشن میں متعدد دہشت گرد مارے گئے۔
پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ کچھ سالوں کے دوران پاکستان ایران کے ساتھ اپنے رابطوں میں پاکستانی نژاد دہشت گردوں ، جو خود کو سرمچار کہتےہیں ، کے ایران کے اندرحکومتی عملداری سے باہر علاقوں میں محفوظ ٹھکانوں بارےاپنی تشویش سے مسلسل آگاہ کرتا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق یہ کارروائی پاکستان کے تمام خطرات کے خلاف اپنی قومی سلامتی کے تحفظ اور دفاع کے غیر متزلزل عزم کا اظہارہے۔
دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اپنے عوام کے تحفظ اور سلامتی کے لیے تمام ضروری اقدامات کرتا رہے گا ۔
بیان میں مزید کہنا تھا کہ پاکستان، ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا مکمل احترام کرتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ایران برادر ملک ہے اور پاکستانی عوام ایرانی عوام کے لئے بے حد احترام اور محبت رکھتے ہیں۔
