اسلام آباد: پاکستان میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت متوقع ہے۔ سرکاری چینی ٹرانسپورٹیشن کمپنی گوانگژو میٹرو گروپ نے پاکستان کو بلٹ ٹرین منصوبے میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔ اس منصوبے کے تحت لاہور سے کراچی تک سفر صرف 4 سے 5 گھنٹوں میں مکمل ہو سکے گا۔
ذرائع کے مطابق، گوانگژو میٹرو گروپ نے اپنی ابتدائی تجویز میں پاکستان کے ریلوے نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ہائی اسپیڈ ٹرین ٹیکنالوجی منتقل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس منصوبے کے تحت نہ صرف ریلوے انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کیا جائے گا بلکہ جدید اسٹیشنز اور حفاظتی نظام بھی فراہم کیے جائیں گے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کرتا ہے تو یہ پاکستان کے سفری ڈھانچے میں انقلاب برپا کرے گا، معیشت کو نئی رفتار دے گا اور کاروباری و تجارتی سرگرمیوں کو مزید تیز کر دے گا۔
چینی کمپنی کی اس پیشکش پر حکومت پاکستان کی جانب سے غور کیا جا رہا ہے اور ابتدائی سطح پر وزارت ریلوے اور متعلقہ اداروں سے مشاورت جاری ہے۔
