پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے ایک اہم سفارتی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پاکستان کے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار 23 اگست کو ڈھاکا کا دورہ کریں گے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان برسوں سے جاری سردمہری کے بعد تعلقات میں گرمجوشی پیدا کرنے اور نئے مواقع تلاش کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کے تبادلے، تعلیمی تعاون اور عوامی روابط بڑھانے جیسے اہم معاملات پر بات چیت ہوگی۔ اس کے علاوہ، دونوں ممالک کے درمیان خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کی حمایت کے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب اور اعلیٰ حکومتی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں باہمی اعتماد سازی اور ماضی کے اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر آگے بڑھنے پر زور دیا جائے گا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ دورہ نہ صرف دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دے سکتا ہے بلکہ جنوبی ایشیا میں تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز بھی ثابت ہو سکتا ہے۔
