turky-urdu-logo

پاکستان اورآذربائیجان کے پارلیمانی دوستی گروپ کی وفود کی سطح پر ملاقات

پاکستان اورآذربائیجان کے پارلیمانی دوستی گروپ نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی، سیاسی، اقتصادی اورثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کوششوں سے اتفاق کرتے ہوئے کہاہے کہ دونوں برادرممالک کے درمیان گہرے تاریخی، مذہبی اورثقافتی روابط استوارہیں ، اہم علاقائی اوربین الاقوامی امورپردونوں ممالک کے موقف یکساں ہے، پاکستان نگورونو کاراباخ کے مسئلہ اورآذربائیجان مسئلہ کشمیرپرپاکستان کے اصولی موقف کی بھرپورحمایت کرتا ہے ۔ دونوں ممالک کے پارلیمانی دوستی گروپ کااجلاس جمعرات کویہاں منعقد ہوا،آذربائیجان کی پارلیمان ملی مجلس کی سپیکرصاحبہ غفوروف نے پارلیمانی دوستی گروپ کے اجلاس کی صدارت کی۔

انہوں نے اجلاس کے آغازمیں اپنے وفدکاتعارف کرایا اورکہاکہ آذربائیجان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات اوردوستی کوبہت اہمیت دیتاہے۔ دونوں ممالک کے درمیان بہترین سیاسی، سماجی، اقتصادی، ثقافتی اورسفارتی تعلقات قائم ہیں۔ضرورت اس امرکی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کومزید وسعت دی جائے اس ضمن میں پارلیمانی دوستی گروپ کلیدی کرداراداکرسکتاہے۔انہوں نے کہاکہ اقتصادی تعلقات کافروغ وقت کی ضرورت ہے اوراس ضمن میں دونوں ممالک کے کاروباری برادری کے درمیان وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا چاہئیے۔انہوں نے امیدظاہرکی کہ پارلیمانی دوستی گروپ کے پلیٹ فارم سے کئے گئے فیصلوں پرعمل درآمد کویقینی بنایا جائیگا۔

قومی اسمبلی میں پاکستان آذربائیجان دوستی گروپ کے چئیرمین مرتضیٰ جاویدعباسی نے کہاکہ پاکستان اورآذربائیجان کے درمیان مضبوط دوستی کی عکاسی اس امرسے بھی ہورہی ہے کہ پاکستان کی پارلیمان میں پاکستان آذربائیجان فرینڈشپ گروپ تیسرا بڑاگروپ ہے۔ اس گروپ نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اوردوستی کے فروغ کیلئے کئی اہم فیصلے کئے ہیں جن میں تجارت اورثقافت کے شعبوں میں تعلقات کے ضمن میں دونوں ممالک کے درمیان کئے جانیوالوں معاہدوں اورمشترکہ ورکنگ گروپ کے فیصلوں پرعمل درآمد کیلئے اقدامات شامل ہیں۔اسی طرح ٹریڈ ڈولپمنٹ اتھارٹی اورآذربائیجان کے متعلقہ ادارے کے درمیان ہونے والے معاہدے پرعمل درآمد کیلئے اقدامات کافیصلہ بھی کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ سی پیک نہ صرف ملکی بلکہ علاقائی ترقی کامنصوبہ ہے اور اس منصوبہ میں آذربائیجان کی شمولیت سے خطہ کی ترقی اورخوشحالی کے عمل میں تیزی آئیگی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام آذربائیجان کے عوام کوبھائی سمجھتے ہیں ، پاکستان مسئلہ کشمیرکے ضمن میں عالمی فورمز پر پاکستان کی حمایت پرآذربائیجان کامشکوروممنون ہے۔

انہوں نے نگورنو کاراباخ کے مسئلہ کے حل اورآرمینیا کی جارحیت اورتسلط کے خاتمہ پرآذربائیجان کومبارکباددی اورکہاکہ پاکستان اورپاکستانی عوام اس معاملہ پرآذربائیجان کی حمایت جاری رکھیں گے۔سینیٹ میں پاک آذربائیجان دوستی گروپ کے چئیرمین سینیٹرطلحہ محمود نے کہاکہ پاکستان کی حکومت اورعوام آذربائیجان میں پائیدارامن اوراستحکام کے متمنی ہیں، ہماری حکومت، پارلیمان اورعوام نے ہمیشہ آذربائیجان کے اصولی موقف کی حمایت کی ہے۔سابق سپیکرسردارآیازصادق نے کشمیرکے مسئلہ پرآذربائیجان کی حکومت اورعوام کی حمایت کاشکریہ اداکیا، انہوں نے کہاکہ پاکستان آرمینیا کی جانب سے آذربائیجان کے علاقوں میں نسل کشی کے واقعات کی شدیدمذمت کرتاہے۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں وفود کے تبادلوں پرزوردیا۔

سینیٹرشہزادوسیم نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان اہم تعلقات اہمیت کے حامل ہے ۔سینیٹرمشاہدحسین نے آرمینیاکے خلاف فتح پرآذربائیجان کے وفد کومبارکباددی اورکہاکہ پاکستان کی پارلیمان اورحکومت آذربائیجان کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی نوعیت مثالی ہے اورہماری کوشش ہے کہ ان تعلقات کومزید شعبوں تک وسعت دی جائے۔

آذربائیجان کی پارلیمان میں دوستی گروپ کی سربراہ نے کہاکہ انہیں آذربائیجان کے سابق اورموجودہ دونوں صدورنے پاکستان کے ساتھ تعلقات اوردوستی کو بڑھانے کیلئے خودہدایات دی تھیں۔پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات پرہمیں فخرہیں ، ترکی اورپاکستان ہمارے ایسے دوست ملک ہیں جنہوں نے ہمیشہ سے ہماری مدد اورحمایت کی ہے۔انہوں نے دونوں ممالک کے میڈیا اورصحافیوں کے درمیان روابط کے فروغ کی ضرورت بھی زوردیا۔ انہوں نے بالخصوص فارماسیوٹیکل کے شعبہ میں پاکستان کے ساتھ تعاون کوبڑھانے کی خواہش ظاہرکی ۔اجلاس کے اختتام پرپاکستان اورآذربائیجان فرینڈشپ گروپ کے پلیٹ فارم کے تحت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کیلئے کوششوں پرسردارآٰیازصادق، سینیٹرشہزادوسیم، مشاہدحسین سید اورمرتضیٰ جاویدعباسی کوآذربائیجان کی پارلیمان کی طرف سے خصوصی ایوارڈ اورمڈلز دئیے گئے۔

Read Previous

چئیرمین نیب جسٹس (ر)جاویداقبال کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب

Read Next

ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں آگ بھڑک اٹھی,مالی نقصان کا خدشہ

Leave a Reply