
آرمی چیف آف پاکستان عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایل او سی پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی کور نے ان کا استقبال کیا۔
آرمی چیف کو ایل او سی کی صورتحال اور تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
جنرل عاصم منیر نے اگلی پوزیشنز پر افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے فوجیوں پر زور دیا کہ وہ مقامی آبادی کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں، ثابت قدم رہیں اور انتہائی خلوص اور لگن کے ساتھ فرائض کی ادائیگی کریں۔
آرمی چیف عاصم منیر نے عسکری آپریشنز ، تازہ دم رہنے اور بلند حوصلے کو برقرار رکھنے پر افسران اور جوانوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرے کے خلاف پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پرعزم ہے، پاک فوج کشمیریوں کے منصفانہ کاز کی حمایت کے لیے پرعزم ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کا حل چاہتی ہے۔