turky-urdu-logo

پاکستان حکومت کا مراکش کشتی حادثے کی اعلیٰ سطح تحقیقات کا اعلان

وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے افریقی ملک ، مراکش میں پیش آنے والے کشتی حادثے کی اعلیٰ سطح تحقیقات کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے 4 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ذرائع کے مطابق، تحقیقاتی ٹیم کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، سلمان چوہدری کریں گے۔ ٹیم میں ایف آئی اے پنجاب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر نارتھ ، منیر مسعود مارتھ، دفتر خارجہ، اور انٹیلیجنس بیورو (آئی بی) کا ایک ایک افسر شامل ہوگا۔
یہ ٹیم آج رات مراکش روانہ ہوگی اور 3 سے 4 روز تک مراکش میں قیام کرے گی۔
تحقیقاتی ٹیم کشتی حادثے میں بچ جانے والے پاکستانیوں سے ملاقات کرے گی اور حادثے کے اسباب سمیت پاکستانی شہریوں پر مبینہ تشدد اور قتل کی تحقیقات کرے گی۔
یاد رہے کہ، حالیہ واقعہ میں موریطانیہ سے غیر قانونی طور پر اسپین جانے والی کشتی کو حادثہ پیش آیا، جس میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 افراد جان سے گئے۔
کشتی 2 جنوری کو موریطانیہ سے روانہ ہوئی تھی۔ مراکشی حکام کے مطابق، کشتی میں 66 پاکستانی سوار تھے، جن میں سے 36 افراد کو بچا لیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 12 نوجوان گجرات کے رہائشی تھے ، جبکہ سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والے افراد بھی کشتی میں موجود تھے۔
وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں کے غم میں شریک ہونے کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کی شفاف اور جامع تحقیقات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

Read Previous

پاکستان کا پہلا الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ خلا میں روانہ، قومی خلائی تحقیق میں اہم سنگ میل

Read Next

موریطانیہ کشتی حادثہ: ایف آئی اے کی تحقیقات میں اہم پیشرفت

Leave a Reply