turky-urdu-logo

 پاکستان اور ترکیہ  کے درمیان آئی ٹی، 5G اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں  میں تعاون پر اتفاق

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، شزہ فاطمہ خواجہ اور پاکستان میں ترک  سفیر،  عرفان نذیراوغلو کے درمیان جمعرات کے روز ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، 5G  اور مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک نے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، ای گورننس، اور اسمارٹ ٹیکنالوجیز کے شعبے میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر ترکیہ کے جدید ای گورننس سسٹم پر روشنی ڈالی گئی، جس سے 67 ملین ترک شہری مستفید ہو رہے ہیں، جبکہ اس وقت 8 ہزار  ڈیجیٹل سروسز فعال ہیں۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (PSEB) کی بین الاقوامی آئی ٹی تعاون کو فروغ دینے کی وابستگی کا اعادہ کیا اور پاکستان اور ترکیہ کے درمیان آئی ٹی، ٹیلی کام، اور ڈیجیٹل بزنس میں شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔ ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو نے بھی ان شعبوں میں دوطرفہ تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

ملاقات میں پاکستان کے نیشنل آئی ٹی بورڈ (NITB) اور ترکیہ کے ترک سیٹ (TurkSat) کے درمیان بزنس ٹو بزنس (B2B) تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔ وزیر مملکت نے ڈیجیٹل مہارتوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ، روایتی ڈگریوں کے بجائے جدید اسکلز پر زیادہ توجہ دی جانی چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ، ‘ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل’ کے نفاذ سے معیشت، ای گورننس، اور ڈیٹا ایکسچینج میں نمایاں بہتری آئے گی۔ دونوں ممالک نے ڈیجیٹل ترقی، روزگار کے مواقع اور معاشی استحکام کے فروغ کے لیے تکنیکی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

Read Previous

پاکستانی بچوں کے لیے ترکیہ کا تحفہ، ‘نجیم’ رسالہ جلد دستیاب ہوگا

Read Next

پاکستان-ترکیہ بزنس کمیٹی کے نئے کنوینر مقرر، لاہور چیمبر آف کامرس میں پہلا اجلاس

Leave a Reply