پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ اس تقریب میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے شرکت کی۔
دونوں ممالک کے درمیان تجارت، دفاع، سیاحت، سرمایہ کاری، توانائی اور ٹیکنالوجی سمیت دیگر مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
اس موقع پر آذربائیجان کے شہر نخ چیوان اور پاکستان کے شہر لاہور کے درمیان ثقافتی تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔
اس تقریب کے دوران آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کے دورے کی دعوت اور بھرپور میزبانی پر صدر الہام علیوف کا مشکور ہوں، آذربائیجان کے صدر کے ساتھ انتہائی تعمیری مذاکرات ہوئے، صدر الہام علیوف کی پاکستانی عوام کے ساتھ لگاؤ پر فخر ہے۔
