افغانستان میں پھنسے لوگوں کو نکالنے میں پاکستان نمایاں حیثیت رکھتا ہے، امریکا نے تصدیق کی ہے کہ اس نے افغانستان میں پھنسے 4 امریکی شہریوں کو زمینی راستے سے نکالنے میں سہولت فراہم کی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ایک سینئر عہدیدار نے سی این این کو بتایا کہ ہمارے سفارت خانے نے امریکیوں کا خیر مقدم کیا جب وہ سرحد عبور کرتے ہوئے تیسرے ملک میں داخل ہوئے۔
عہدیدار نے تصدیق کی کہ یہ پہلے چار امریکی تھے جنہیں افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد اس طریقے سے سہولت فراہم کی گئی ۔
عہدیدار نے اس ملک کی شناخت نہیں بتائی، جس نے امریکیوں کو افغانستان سے انخلا میں سہولت فراہم کی لیکن افغانستان سے نکلنے والا قریب ترین زمینی راستہ پاکستان سے ہی ہے۔
امریکا میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے بتایا کہ ہم نہیں جانتے کہ انہوں نے کون سا راستہ استعمال کیا لیکن ہمیں امریکی شہریوں کو افغانستان سے نکالنے میں کوئی دشواری کا سامنا نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، افغانستان سے انخلا کے خواہشمند افراد کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک 9 ہزار سے زائد لوگ پاکستان سے گزر چکے ہیں اور اسلام آباد اب بھی بین الاقوامی برادری کے ساتھ ان کے انخلا کی سہولت کے لیے مصروف ہے۔
کئی امریکی ذرائع ابلاغ نے بھی رواں ہفتے رپورٹس جاری کیں جن میں انخلا کی ان کوششوں میں پاکستان کے مرکزی کردار کی نشاندہی کی گئی ہے۔
افغانستان کی صورتحال ناقابل یقین طریقے سے اگلے مرحلے کی جانب بڑھ رہی ہے اور اس کا بڑا کھلاڑی پاکستان بن جائے گا۔
