وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے واضح اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں مقیم تمام افغان مہاجرین کو مرحلہ وار واپس افغانستان بھیجا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے طویل عرصے تک انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان شہریوں کو پناہ دی، مگر اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔
خواجہ آصف نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان نے گزشتہ چار دہائیوں میں لاکھوں افغان مہاجرین کو رہائش، روزگار اور تحفظ فراہم کیا، لیکن اب ملک مزید بوجھ برداشت نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کے لیے جامع حکمتِ عملی تیار کر لی ہے، اور متعلقہ اداروں کو سختی سے عملدرآمد کی ہدایت دی جا چکی ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے قومی مفاد اور داخلی سلامتی کے تقاضوں کو مقدم رکھے گا، اور کسی بھی ملک کو پاکستان کے فیصلوں پر اثر انداز ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ "ہم نے دہائیوں تک خیرسگالی اور بھائی چارے کی پالیسی اپنائی، مگر اب وقت آ گیا ہے کہ افغان شہری اپنے ملک لوٹ جائیں اور اپنے وطن کی تعمیر میں حصہ ڈالیں۔”
