افواج پاکستان نے بھارت کی جانب سے بھیجے گئے 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز مار گرائے، یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ افواج پاکستان نے اب تک 25 اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز مارگرائے ہیں، افواج پاکستان نے سافٹ اور ہارڈ کل کی بدولت ڈرونز مار گرائے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت کے 7،6 مئی کے بزدلانہ حملے میں 5 جدید طیاروں، ڈرونز اور متعدد پوسٹوں کو تباہ کیا گیا، بھارت بوکھلاہٹ میں اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز سے پاکستان پر حملہ کر رہا ہے، یہ بزدلانہ حملہ بھارت کی پریشانی اور بوکھلاہٹ کی نشانی ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھی بھارت کو بھاری نقصان ہوا اور مزید بھی اٹھا رہا ہے، پاکستان کے مختلف علاقوں سے اسرائیلی ساختہ ہیروپ ڈرونز کا ملبہ اٹھایا جا رہا ہے اور افواج پاکستان دشمن کو منہ توڑ جواب اور اسکے تمام عزائم خاک میں ملا رہی ہیں۔
اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ بھارت نے سات اور آٹھ مئی کی درمانی شب پھر دراندازی کی کوشش کی جس پر بھارت کے 12 ڈرون مار گرائے۔
انہوں نے بتایا تھا کہ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور اور کراچی میں ڈرون حملے کیے گئے، سندھ کےعلاقے میانو میں ڈرون حملے میں ایک شخص شہید اور ایک زخمی ہوا جبکہ لاہور میں والٹن کے علاقے میں ڈرون حملے میں پاک فوج کے 4 جوان زخمی ہوئے اور فوجی تنصیبات کو معمولی نقصان پہنچا۔
