ترکیہ کے اعلیٰ پولیس حکام نے پاکستان نیشنل پولیس اکیڈمی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کی اور پاکستان کے ساتھ دوستی، بھائی چارے اور پیشہ ورانہ تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترک وفد نے اپنے پیغام میں کہا کہ:
“ترکیہ اور پاکستان دو برادر ممالک ہیں جن کا ایمان، جذبہ اور جدوجہد ایک ہے۔ ہم لاہور کی فضا سے اُٹھنے والی اُن دعاؤں اور آزادی کی جنگ میں دی جانے والی مدد کو نہیں بھولے — اور نہ کبھی بھولیں گے۔”
بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک دہشت گردی کے خلاف جنگ، سائبر سیکیورٹی، منشیات کی روک تھام اور سرحد پار جرائم کے خاتمے کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔
ترک وفد نے مزید کہا:
“ایک کی سلامتی دوسرے کا سکون ہے، ایک کی کامیابی دوسرے کا فخر۔ ترک پولیس اور پاکستانی پولیس بہادری، وفاداری اور قربانی کی علامت ہیں۔”
ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک ترک برادری کا یہ ناقابلِ شکست رشتہ مستقبل کو مزید محفوظ، مستحکم اور مضبوط بنائے گا۔انہوں نے دعا کی:
“خدا ہمارے اتحاد کو ہمیشہ قائم رکھے۔ پاکستان زندہ باد!”



