پشاور — سینیئر صحافی اور بیوروچیف سما نیوز محمود جان بابر نے اپنے تجزیے میں کہا ہے کہ پاکستان کے قریبی اور دوست ممالک — چین، ترکیہ، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور روس — کسی صورت یہ نہیں چاہتے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ یا عسکری تصادم ہو۔
ان کے مطابق، پاکستان کے سفارتی اور عسکری تعلقات خطے میں غیر معمولی طور پر مضبوط ہو چکے ہیں، اور یہی تعلقات اس بات کی ضمانت ہیں کہ اگر کسی قسم کا تنازع شروع بھی ہو جائے، تو وہ طویل مدت تک برقرار نہیں رہے گا۔
محمود جان بابر نے مزید کہا کہ موجودہ صورتحال میں علاقائی طاقتیں جنگ کے بجائے استحکام، تجارتی روابط اور مشترکہ سکیورٹی تعاون کو ترجیح دے رہی ہیں۔ پاکستان کا خطے میں بڑھتا ہوا کردار اور اس کی بین الاقوامی ساکھ اب جنگ کے بجائے امن و توازن کی علامت بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ افغانستان کے ساتھ سفارتی چینلز کو کھلا رکھا جائے، اور سرحدی کشیدگی کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جائے، کیونکہ پورا خطہ کسی نئے تنازع کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
