
اسلام آباد — وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت افغان مہاجرین سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں صرف وہی افغان شہری قیام کر سکیں گے جن کے پاس پاکستان کا ویزہ موجود ہوگا۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اب تک 14 لاکھ 77 ہزار 592 غیر قانونی افغان شہریوں کو واپس افغانستان بھیجا جا چکا ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ مزید کسی قسم کی مہلت نہیں دی جائے گی۔
فیصلے کے مطابق بغیر ویزہ افغان شہریوں کو گھروں یا گیسٹ ہاؤسز میں ٹھہرانا قانوناً جرم ہوگا، اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ افغان مہاجرین کی واپسی کے عمل میں شفافیت اور انسانی ہمدردی کے اصولوں کو پیش نظر رکھا جائے۔
ذرائع کے مطابق حکومت اس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کرے گی تاکہ ملک میں قانونی ویزہ نظام کو مؤثر بنایا جا سکے اور سیکیورٹی و معاشی چیلنجز پر قابو پایا جا سکے۔