turky-urdu-logo

غزہ میں جاری جنگ کے تمام اہداف حاصل نہیں کیے جا سکے: اسرائیلی چیف آف سٹاف

اسرائیلی فوج کے چیف آف سٹاف، ہرزی ہلیوی نے گزشتہ روز اپنے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ،  غزہ میں جاری جنگ کے تمام اہداف حاصل نہیں کیے جا سکے۔

ہرزی ہلیوی نے اپنے بیان میں کہا کہ، جنگ کے تمام مقاصد پورے نہیں ہو سکے۔ انہوں نے 7 اکتوبر 2023 کو ہونے والے حماس کے حملے کے دوران سیکیورٹی کی بڑی ناکامی کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئےرواں سال  6 مارچ کو عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا۔

ہلیوی کا کہنا تھا کہ، وہ اسرائیل ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کی اس ناکامی کی مکمل تحقیقات کریں گے اور مستقبل کے سیکیورٹی چیلنجز کے لیے فوج کی تیاری کو مضبوط بنائیں گے۔ تاہم، ان کے جانشین کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی حکومت 7 اکتوبر کے حملے میں اپنی ناکامی پر عوامی دباؤ کے باوجود ریاستی تحقیقات شروع کرنے سے گریزاں ہے۔ ان حملوں میں 1200 اسرائیلی ہلاک ہوئے اور تقریبا250 افراد کو یرغمال بنایا گیا ۔

ہلیوی نے اپنے استعفیٰ نامے میں اسرائیل کے وزیر دفاع، اسرائیل کٹز کو لکھا، 7اکتوبر کی صبح، آئی ڈی ایف اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہی۔

ہلیوی کو نیتن یاہو کی حکومت کےوزرا، خصوصاوزیر خزانہ ،بیزالیل سموٹرچ کی جانب سے تنقید کا سامنا رہا، جنہوں نے غزہ میں جنگ کے دوران ان کے فیصلوں کو نرم رویہ قرار دیا۔

دریں اثنا، غزہ میں جاری جنگ کے نتیجے میں اب تک 46000 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں، اور اسرائیلی بمباری نے اس محصور علاقے کو بڑی حد تک تباہ کر دیا ہے۔

پہلے مرحلے میں فائر بندی کے معاہدے کے تحت اتوار کو تین اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا گیا، جب کہ اگلے چھ ہفتوں میں مزید 33 افراد کو رہا کیے جانے کا امکان ہے۔ اندازہ ہے کہ، تقریبا94 یرغمالی اب بھی غزہ میں موجود ہیں۔

وزیر دفاع،  اسرائیل کٹز نے ہلیوی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ، نئے چیف آف اسٹاف کی تقرری تک وہ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔ وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی ان کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔

Read Previous

ہوٹل میں آتشزدگی واقعے پر صدر ایردوان کا اظہار افسوس، قومی سوگ کا اعلان

Read Next

صدر ایردوان کی مسلم دنیا سے جنگ بندی کے بعد فلسطینیوں کی مدد کی اپیل

Leave a Reply