turky-urdu-logo

ٹام بیریک ترکیہ میں امریکہ کے نئے سفیر مقرر، سینیٹ سے توثیق

معروف امریکی تاجر اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی ٹام بیریک کو ترکیہ میں امریکہ کا نیا سفیر مقرر کر دیا گیا ہے۔ امریکی سینیٹ نے منگل کے روز ان کی نامزدگی کی توثیق کرتے ہوئے انہیں یہ اہم سفارتی عہدہ سونپ دیا۔

سینیٹ میں ووٹنگ کے دوران 60 کے مقابلے میں 36 ووٹ سے ان کی تقرری کی منظوری دی گئی۔

ٹام بیریک اس سے قبل 2022 میں ان الزامات سے بری ہو چکے ہیں جن میں دعوی کیا گیا تھا کہ انہوں نے ٹرمپ انتظامیہ کے دوران متحدہ عرب امارات کے غیر رجسٹرڈ ایجنٹ کے طور پر کام کیا اور تحقیقات کے دوران جھوٹے بیانات دیے۔

بیریک نے سابق سفیر جیف فلیک کی جگہ لی ہے، جنہوں نے جنوری 2022 سے ستمبر 2024 تک ترکیہ میں سفارتی خدمات انجام دیں۔ ان کے جانے کے بعد یہ عہدہ کئی ماہ سے خالی تھا۔

بیریک 78 برس کے ہیں، انہوں نے اپنی توثیق سے قبل سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ “ترکیہ یورپ، ایشیا اور مشرق وسطی کے سنگم پر نہایت اسٹریٹجک مقام پر واقع ہے، اور بطور نیٹو رکن اس کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔” انہوں نے ترکیہ کو علاقائی اور عالمی سلامتی کے ڈھانچوں میں ایک کلیدی شراکت دار قرار دیا۔

بیریک کی تعیناتی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ترکیہ اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں نمایاں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، جن میں دفاع، تجارت، اور علاقائی تعاون جیسے امور شامل ہیں۔

Read Previous

ترک صدی میں ترکیہ کا مہاجرین سے متعلق ماڈل: صدر ایردوان کا انسانی ہمدردی پر مبنی پالیسیوں پر زور

Read Next

اسرائیل نے حملہ کیا تو پورا خطہ دھماکے سے دوچار ہو جائے گا: ایران کا انتباہ

Leave a Reply