turky-urdu-logo

بارشوں سے تباہی کے دوران بھارت کی پانی چھوڑنے کی دھمکی، منگلا ڈیم پر الرٹ، ایمرجنسی نافذ

اسلام آباد — ملک بھر میں جاری شدید مون سون بارشوں سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے دوران بھارت کی جانب سے دریائے چناب اور دریائے جہلم میں اچانک پانی چھوڑنے کی دھمکی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ منگلا ڈیم پر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے جبکہ متعلقہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔وزارت آبی وسائل اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے مطابق، بھارت کی جانب سے دریائی نظام میں پانی چھوڑنے کی اطلاعات کے بعد منگلا ڈیم کے اسپل وے کھولنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ واپڈا حکام نے ہنگامی اجلاس طلب کر کے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔پاک فوج، ریسکیو 1122، اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو متاثرہ علاقوں میں ہنگامی اقدامات کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ جہلم، میرپور، کوٹلی، اور گردونواح کے نشیبی علاقوں میں مقامی انتظامیہ نے انخلا کی تیاریاں شروع کر دی ہیں جبکہ شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق، بھارت کی جانب سے ممکنہ طور پر ہزاروں کیوسک پانی چھوڑا جا سکتا ہے، جو موجودہ بارشوں کے باعث پہلے سے لبریز دریاؤں میں شدید طغیانی پیدا کر سکتا ہے۔ ماہرین آبی امور نے خبردار کیا ہے کہ اچانک پانی کے اخراج سے منگلا ڈیم کی حفاظتی صلاحیت دباؤ کا شکار ہو سکتی ہے۔دوسری جانب دفتر خارجہ نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا ایسا اقدام 1960 کے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہو گا، اور اگر بغیر اطلاع پانی چھوڑا گیا تو یہ نہ صرف پاکستان کے انفراسٹرکچر بلکہ انسانی جانوں کے لیے بھی خطرناک ہو سکتا ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس سنگین صورتحال پر فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت دی ہے کہ ہر ممکن حفاظتی اقدام یقینی بنایا جائے۔ ساتھ ہی شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں

Read Previous

تاریخ صدر ایردوان کو ہمیشہ یاد رکھے گی، شامی صدر کا ترکیہ سے اظہارِ یکجہتی

Read Next

سعودی بحریہ کے سربراہ کا دورۂ پاکستان، پاک بحریہ سے تعاون بڑھانے پر اتفاق

Leave a Reply