turky-urdu-logo

بغداد میں امریکی سفارتخانے پر میزائل حملہ، ہیلی پیڈ کو نشانہ بنایا گیا

عراق کے دارالحکومت بغداد میں واقع امریکی سفارتخانے پر میزائل حملہ کیا گیا جس کے بعد عمارت سے دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملے کے نتیجے میں سفارتخانے کے اندر موجود ہیلی پیڈ کو نشانہ بنایا گیا اور کچھ حصوں کو نقصان پہنچا ہے۔

عراقی سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ حملے کے باعث سفارتخانے کے فضائی دفاعی نظام کا ایک حصہ بھی تباہ ہوگیا، تاہم مزید تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق دو سکیورٹی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ میزائل بغداد کے گرین زون میں واقع امریکی سفارتخانے کی حدود کے اندر گرا۔ گرین زون بغداد کا انتہائی محفوظ علاقہ ہے جہاں عراقی حکومتی ادارے اور متعدد غیر ملکی سفارتخانے موجود ہیں۔

امریکی سفارتخانے کی جانب سے اس واقعے پر فوری طور پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں حملے کے بعد سفارتخانے کے کمپاؤنڈ سے دھواں اٹھتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملے میں کوئی جانی نقصان ہوا ہے یا نہیں اور نقصان کی اصل نوعیت کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق عراق میں ایران سے وابستہ مسلح گروہ ماضی میں بھی امریکی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دیتے رہے ہیں۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ حملے حالیہ علاقائی کشیدگی کے تناظر میں کیے جا رہے ہیں، خاص طور پر اس واقعے کے بعد جس میں ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے خاندان کے افراد ایک مبینہ امریکی۔اسرائیلی فضائی حملے میں ہلاک ہوئے تھے۔

اطلاعات کے مطابق بعض مسلح گروہوں نے حال ہی میں امریکی سفارتی عملے کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے کے لیے ایک لاکھ ڈالر انعام کا بھی اعلان کیا تھا۔ اس صورتحال کے باعث بغداد میں امریکی عملے کی سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

Read Previous

ترک کمیونٹی اور لاہور انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے یتیم بچیوں کے لیے افطار اور عید تحائف کی تقسیم

Read Next

“ملک کو جنگ کی آگ سے دور رکھنا ہماری پہلی ترجیح ہے”صدر رجب طیب اردوان

Leave a Reply