
لاہور:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے گرینڈ نیشنل اسمبلی آف ترکیہ کے اسپیکر پروفیسر ڈاکٹر نعمان کرتلمش اور آذربائیجان کی ملی مجلس کی اسپیکر محترمہ صاحبہ غفاروا نے لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں تینوں برادر ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون، تعلیم، صحت، آئی ٹی، زراعت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں اشتراکِ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ترکیہ اور آذربائیجان کے پارلیمانی وفود کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام ترکیہ اور آذربائیجان کی قیادت سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی موقف کی حمایت اور حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران پاکستان کی غیر مشروط حمایت پر دونوں ممالک کی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترکیہ اور آذربائیجان صرف برادر ممالک نہیں بلکہ پاکستان کے حقیقی دوست ہیں، جنہوں نے ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ کھڑے ہو کر ثابت کیا کہ امت مسلمہ کا اتحاد ہی سب سے بڑی طاقت ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ “آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کی فتح دراصل دوست ممالک اور پوری امت مسلمہ کی فتح ہے۔”
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ “چند ماہ میں 90 ہزار گھروں کی تعمیر کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا گیا، ایگریکلچر میکانائزیشن کے ذریعے صوبے کی زراعت کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، اور لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا پبلک سیکٹر ہسپتال قائم کیا جا رہا ہے۔”
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں ایک ہزار سے زائد سیاحتی مقامات اور کوریڈورز متعارف کرائے جا رہے ہیں، جن میں مذہبی، ماحولیاتی اور وائلڈ لائف ٹورازم شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “گڈ گورننس کے لیے صدر طیب ایردوان کے کے پی آئی ماڈل کو پنجاب میں متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ ستھرا پنجاب پروگرام دنیا کا سب سے بڑا مربوط سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبہ ہے۔”
مریم نواز شریف نے کہا کہ “ترکیہ کا معارف ادارہ پاکستان میں قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے، جس پر ہم ترکیہ کے شکر گزار ہیں۔”
انہوں نے زور دیا کہ سہ ملکی اشتراک کار (پاکستان، ترکیہ، آذربائیجان) خطے کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے ایک مثبت سنگِ میل ثابت ہوگا۔
وفود کے ارکان نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی شاندار میزبانی، ترقیاتی وژن اور پنجاب میں جاری اصلاحاتی اقدامات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم، صحت اور سماجی ترقی کے میدانوں میں نمایاں تبدیلیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔
آخر میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا:
“ترکیہ اور آذربائیجان سے محبت مجھے اپنے والد محمد نواز شریف سے ورثے میں ملی ہے۔ ہم ان برادر ممالک کے ساتھ ہر میدان میں تعلقات مزید مضبوط بنائیں گے۔”