بھارت میں ایک جوڑے نے یہ ثابت کر دیا کہ محبت کسی بھی مشکل کا سامنا کر سکتی ہے۔
بھارت کے شہر رتلام میں ہونے والی ایک انوکھی شادی نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے جس میں جوڑے نے عروسی لباس کی بجائے کورونا کٹ پہن کر شادی کی۔
بھارتی شہری انجینئر آکاش ورما کی شادی سنجنا ورما سے 26 اپریل کو طے پائی لیکن اس شادی کو جس چیز نے منفرد بنایا وہ 19 اپریل کو آکاش ورما کی سامنے آنے والی کورونا ٹیسٹ کی مثبت رپورٹ تھی۔
جوڑے کا کہنا تھا کہ محبت کو کوئی بھی بیماری روک نہیں سکتی۔
بیمار ہونے کے باوجود ہم دونوں کی محبت میں کمی نہیں آئی ہے اور نہ ہی کبھی آئے گی۔

شہری انتظامیہ کو بتایا گیا تھا کہ کورونا مثبت لڑکے کی شادی ہو رہی ہے جس پر ٹیم نے موقع پر پہنچ کر معاملے پر اعتراض کیا، اس کے بعد اہل خانہ کے عمائدین نے حکام سے التجا کی کہ وہ شادی کو نہ رکوائیں۔
بعد ازاں عمائدین نے اعلیٰ عہدیداروں سے بات کی اور یہ شادی پی پی ای کٹ میں کروائی گئی۔
اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ان دونوں کی محبت نے بیماری کے ڈر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
شادی کے بعد دولہا اور دلہن کا کہنا تھا کہ ان کا واحد مقصد بزرگوں کی خواہشات کو پورا کرنا اور حکومت کی ہدایت پر عمل کرنا ہے۔
