
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر، لاس اینجلس اور اس کے گردونواح میں 11 روز سے لگی آگ نے تعلیمی نظام کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ لاس اینجلس یونیفائیڈ اسکولز ڈسٹرکٹ کے سپرنٹنڈنٹ البرٹو کاروالہو نے کہا کہ ،آگ کی وجہ سے کئی اسکول یا تو مکمل طور پر جل کر راکھ بن گئے ہیں یا شدید نقصان پہنچا ہے۔
کاروالہو نے مزید بتایا کہ ،آگ کے نتیجے میں متاثرہ اسکولوں کی تعمیر نو میں دو سال یا اس سے زائد کا وقت لگ سکتا ہے، جس کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ بعض اسکولوں کے طلباء کو عارضی طور پر دیگر اسکولوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، تاکہ تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا جا سکے۔
پاسادینا یونیفائیڈ اسکول ڈسٹرکٹ نے اس ہفتے اپنے تمام اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا اور اس کی بجائے طلباء کو آن لائن خدمات فراہم کی ہیں۔ بہت سے اسکولوں نے اپنے تعلیمی سرگرمیوں کو موقوف رکھتے ہوئے بحالی اور کمیونٹی کے احساس کو فروغ دینے کی کوششیں کی ہیں۔
یہ آگ لاس اینجلس کے تعلیمی ماحول کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ طلباء، اساتذہ اور اسکول کے عملے کے لیے ایک چیلنج بن چکی ہے۔