لاہور میوزیم میں اسلامی تعاون تنظیم کے ذیلی ادارے، ریسرچ سنٹر فار اسلامک ہسٹری آرٹ اینڈ کلچر کے زیر اہتمام نمائش کا افتتاح ہوگیا۔ یہ نمائش لاہور کے ادارہ علم و فن کی جانب سے جاری پانچ روزہ اسلامک آرٹ فیسٹیول کے تحت منعقد ہورہا ہے۔
نمائش کا افتتاح ترک سفیر، عرفان نذیر اوغلو اوران کی ٹیم نے کیا۔ اس دوران آئی آرسی آئی سی اے کے ڈائریکٹر، ڈاکٹر محمود بھی موجود تھے۔
ترک سفیر نے وفد سمیت لاہور میوزیم کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔ لاہور میوزیم میں تاریخی نودرات اور مخطوطات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

ترک سفیر نے کہا کہ، لاہور میوزیم پاکستان کا سب سے بڑا عجائب گھر ہے۔ ترکیہ تاریخ کے تحفظ کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ ترک صدر، رجب طیب ایردوان کے دورہ پاکستان کے بعد یہ بہترین موقع ہے کہ، ترکیہ اور پاکستان اس شعبے میں بھی تعاون کے لیے قدم بڑھائے۔
ڈاکٹر محمود نے ترکیہ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ، اس نمائش میں قرآنی آیات پر مشتمل تمام فنون موجود ہیں جنہوں نے حال ہی میں دنیا بھر میں پزیرائی حاصل کی۔
یہ نمائش لاہور میوزیم میں تین روز تک جاری رہے گی، جبکہ اسلامک آرٹ فیسٹیول کا انعقاد 25 فروری تک جاری رہے گا۔
