
مذہب اسلام قبول کرنے والے سابق جنوبی کورین پاپ گلوکار داؤد کِمِ کی عمرے کی سعادت حاصل کرنے کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
داؤد کِمِ کا اصل نام ’جے کِمِ‘ تھا اور وہ 2019 تک بطور پاپ گلوکارہ پہچانے جاتے تھے، جس کے بعد انہوں نے اپنے آباؤ و اجداد کا مذہب چھوڑ کر اسلام کو قبول کیا۔
داؤد کِمِ نےستمبر 2019 میں اسلام قبول کیا تھا اور انہوں نے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کی ویڈیو بھی یوٹیوب پر جاری کی تھی۔
حال ہی میں داؤد کِمِ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودیہ عرب پہنچے اور کچھ دن قبل انہوں نے مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ میں موجود مقدس مقامات کی زیارت کی ویڈیوز بھی شیئر کیں۔
داؤد کِمِ نے عمرے کی سعادت حاصل کرنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے خود کو دنیا کا خوش قسمت انسان قرار دیا کہ انہیں مقدس مقامات دیکھنے کی سعادت ملی۔
داؤد کِمِ نے جہاں عمرے کی سعادت کی ویڈیوز شیئر کیں، وہیں انہوں نے مقدس مقامات کی زیارت کی تصاویر بھی شیئر کیں، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔
سوشل میڈیا پر بھی داؤد کِمِ کی عمرے کی ادائیگی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کی تعریفیں کی گئیں اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔