
ترکی میں پاکستان کے سفارتخانے نے 5 فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب منعقد کی۔ بھارت کے زیر تسلط اور کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور کشمیریوں کے حقِ خودارادیت اور آزادی کی جدوجہد کے لئے غیر مشروط حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔ پاکستانی قیادت نے کہا کہ کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ پاکستان اس وقت تک اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا جب تک انہیں ان کی مرضی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزادی نہیں مل جاتی۔
پاکستانی قیادت نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام پر بھارتی کے ظالمانہ سلوک اور انسان حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھارت سے جواب طلب کیا جائے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر سائرس سجاد قاضی نے کہا کہ 5 فروری ہمیں بھارت کی وعدہ خلافیوں کی یاد دلاتا ہے جب بھارت نے 1948 میں اقوام متحدہ میں کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا جو آج تک پورا نہیں کیا۔ بھارت نے کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق دینے کے بجائے ان کے سیاسی، سفارتی، عسکری، معاشی، پارلیمانی اور آئینی حقوق پامال کئے اور ان پر ظلم و تشدد کی انتہا کر دی۔
انہوں نے کہا آزادی کے لئے جنگ اور محبت میں ہمیشہ آزادی اور محبت جیت جاتی ہے۔ آزادی کی جنگ ایک نسل دوسری نسل کو منتقل کرتی ہے۔ ایک دن کشمیری عوام انشاء اللہ ضرور آزادی کا سورج طلوع ہوتے دیکھیں گے۔
پاکستانی سفیر نے جموں کشمیر کی آزادی کے لئے ترک قیادت اور عوام کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی، ترکی کی سول سوسائٹی اور پاکستانی سفارتخانے کے عملے سے شرکت کی