
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور نہتے کشمیریوں پر مظالم جاری ہیں۔
آج کے دن کا مقصد بھارتی فوج کے مظالم کا شکار کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور اس بات کا عزم کرنا ہے کہ دنیا بھر میں مسلمان جہاں پر مرضی موجود ہوں ان کے حق خودارادیت کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں ، جلسوں اور احتجاجی مظاہروں کااہتمام کیا جا رہاہے۔
یومِ یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے پاکستان کے شہر مظفر آباد کے آزادی چوک میں بھارت کے خلاف احتجاج کیا گیا، کوہالہ پُل پر انسانی ہاتھوں کی سب سے بڑی زنجیر بنائی جارہی ہے۔
یومِ یکجہتی کشمیر کی مرکزی تقریب منگلا پل میر پور میں ہوگی، تقاریب میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔
دارالحکومت اسلام آباد میں سڑکوں پر یو م یکجہتی کسمیر کے موقع پر پوسٹرز لگائے گئے۔ان پوسٹرز میں پاکستانی سیاسی رہنماوں کے ساتھ ساتھ ترک صدر ایردوان کے پوسٹر بھی نصب کیے گئے۔
وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ دنیا بھارت کے زیرِ تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، جن میں نسل کشی سمیت انسانیت کیخلاف جرائم اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی سمیت جنگی جرائم شامل ہیں اور جو جنیوا کنونشن کی صریح خلاف ورزی ہیں، کا نوٹس لے۔
انہوں نے مسلئہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی توجہ مرکوز کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں ایک غیرجانبدارانہ استصوابِ رائے کا اہتمام عالمی برادری کے ذمے ہے۔ اقوامِ عالم پر لازم ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی حالتِ زار اور ہندوستانی ریاست کے ظالمانہ عسکری قبضے سے آزادی و نجات کی انکی ناقابلِ اعتراض و انکار خواہش کو نظرانداز نہ کریں۔
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے ٹوئٹ کی اکہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ ہمیشہ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ہمیں یقین ہے کہ کشیری عوام جبر اور نا جائز قبضے کے خلاف اس جرات مندانہ جدو جہد میں سرخرو ہوں گے۔
صدر مملکت عارف علوی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ بھارت، مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم کو جاری رکھے ہوئے ہے اور علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، میں دنیا کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ وہ جاگے اور کشمیریوں کے انسانی اور سیاسی حقوق کے تحفظ کے اپنے وعدے پورے کرے۔
کشمیر سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر باجوہ کا کہنا تھا کہ اب ’انسانی المیے کو ختم کرنے‘ اور مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا وقت آگیا ہے۔
پاکستان میں ترکی کے سفارتخانے نے کشمیر کی آزادی کے بارے میں نغمہ شئیر کیا ، سفارتخانے نے ٹوئٹ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں موجود غیر قانونی بھارتی افواج کی موجودگی کے خلاف آخری دم تک آواز بلند کرتے رہیں گے۔
دنیا بھر میں سفارت خانوں میں بھی خصوصی تقاریب ہوں گی، بیرون ملک مقیم پاکستانی دنیا کو بھارتی مظالم سے آگاہ کریں گے۔