turky-urdu-logo

کابل : پاکستان کی جانب سے بنائے گئےمحمد علی جناح ہسپتال کے انتظامات افغان حکام کے حوالے کر دیے گئے

افغانستان کے دارلحکومت کابل میں پاکستان کی طرف سے بنائے گئے محمد علی جناح ہسپتال کے انتظامات افغان حکام کے حوالے کر دیے گئے۔

14 جون 2022 کو پاک افغان تعاون فورم کے زیر انتظام جناح ہسپتال کابل کو افغان حکومت کے حوالےکیا گیا۔

جذبہ خیر سگالی کے تحت ہسپتال کے عملے میں ایک ماہ کی تنخواہیں تقریباً 52 ہزار امریکی ڈالر بھی تقسیم کی گئیں۔

یونیورسٹی آف لاہور اور افغان وزارت صحت کے درمیان کابل کے محمد علی جناح ہسپتال میں مفاہمت نامے پر دستخط ہوئے اور اس موقع پر پاکستان کے سفیر منصور احمد خان اور افغانستان کے وزیر صحت قلندر امداد بھی موجود تھے۔

پاکستان کے سفیر نے افغان وزیر صحت کا کابل ہسپتال میں پاکستانی عملے کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کیا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغان بھائیوں کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

قلندر عباد کا یونیورسٹی آف لاہور اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  پاکستان کی طرف سے یہی جذبہ مستقبل میں بھی جاری رہنا چاہیے۔

مفاہمت کی یادداشت کے تحت محمد علی جناح اسپتال میں صحت کی سہولیات کو عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کر کے اسے تدریسی ہسپتال بنا کر استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا۔

یونیورسٹی آف لاہور جناح اسپتال کابل میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ افغانستان میں طبی عملے کی کمی پوری کرنے کے لیے نرسنگ اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز کالجز کھولنے کا مزید منصوبہ بھی رکھتی ہے۔

جس کے مطابق ہسپتال کے ساتھ ہی ایک میڈیکل کالج بھی قائم کیا جائے گا جو عالمی معیار کا ہو گا اور اسے ایک ایسی یونیورسٹی میں اپ گریڈ کیا جائے گا جو افغانستان میں گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ پروگراموں میں معیاری تعلیم فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ کابل میں پاکستان کی جانب سے بنایا گیا جناح اسپتال 200 بستروں پر مشتمل ہے اور یہ اس وقت افغانستان کا دوسرا سب سے بڑا ہسپتال ہے۔ جناح ہسپتال کی تعمیر افغانستان میں پاکستانی امداد اور ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے کا حصہ تھی۔

20 اپریل 2019 کو جناح ہسپتال کا افتتاح ہوا تھا اور اسے عوام کے لیے کھول دیا گیا تھا اور مکمل ہونے پر منصوبے کی کل لاگت 2 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھی۔

پاکستان نے پڑوسی ملک افغانستان کے ساتھ انفرا اسٹرکچر کی بحالی کے لیے کیا گیا اپنا یہ وعد پورا کرتے ہوئے کابل میں 2 سو بستروں پر مشتمل ہسپتال تعمیر کرنے کے بعد افغان حکام کے حوالے کردیا تھا۔

 

Read Previous

امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان کی وائٹ ہاوس میں صدر بائیڈن سے ملاقات

Read Next

تمام مصائب کے باوجود ترکیہ خطے میں طاقت ور ملک بن کر ابھرا ہے، وزیر خارجہ میلوت چاوش اولو

Leave a Reply