علم و ادب سے محبت کرنے والے پاکستانی بچوں کے لیے خوشخبری ہے۔ ترکیہ کی حکومت اور اسلام آباد میں ترک سفارت خانے کے دفتر برائے مذہبی امور کے تعاون سے ڈاکٹر عالم خان کی ادارت میں بچوں کے لیے ایک منفرد اور معیاری رسالہ ‘نجیم’ شائع کیا جا رہا ہے۔
یہ رسالہ نہ صرف بچوں میں مطالعے کا شوق پیدا کرے گا، بلکہ انہیں مشرقی و اسلامی روایات سے بھی جوڑے رکھے گا۔ ‘نجیم’ میں سبق آموز کہانیاں، تاریخی واقعات، مسنون دعائیں اور تفریحی و معلوماتی مواد شامل ہوگا، جو بچوں کی فکری و اخلاقی نشوونما میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اس علمی منصوبے کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کے لیے ‘نجیم’ کو سال میں دو مرتبہ اردو، ترکی اور عربی زبانوں میں شائع کیا جائے گا،تاکہ مختلف زبانوں کے بولنے والے بچے بھی اس سے مستفید ہو سکیں۔
ترکیہ کی حکومت نے ابتدائی طور پر 10 ہزار اردو نسخے شائع کرنے کی منظوری دے دی ہے، جو جلد ہی طباعت کے مراحل مکمل کر کے پاکستانی بچوں میں بلا معاوضہ تقسیم کیے جائیں گے۔
یہ منصوبہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلیمی و ثقافتی تعاون کی ایک اور مضبوط کڑی کا کردار ادا کرے گا اور نئی نسل کو علم و ادب کے ساتھ ساتھ اپنی تہذیب و ثقافت سے جوڑنے میں مدد دے گا۔ ‘نجیم’ محض ایک آغاز ہے، اختتام نہیں! مستقبل میں مزید علمی و تعلیمی منصوبوں کے لیے یہ ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔
